ابنا: ترکی کے نائب وزیر اعظم بکیر یزداق نے مصر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے کردار اور عرب حکمرانوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سکریٹری احسان اوغلو سے استعفی کا مطالبہ کیا ہے۔ترک نائب وزير اعظم نے اسلامی تعاون تنظیم کو ایک غیر مؤثر اور بے فائدہ تنظیم قراردیتے ہوئے کہا کہ مصر میں مسلمانوں کے قتل عام پر اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل کو فوری طور پر مستتعفی ہوجانا چاہیے۔ترکی کے نائب وزير اعظم نے عرب حکمرانوں پر مصری کی فوج کی مدد اور حمایت کرنے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور دیگرعرب ممالک کے حکمراں اپنے اقتدار کو بچانے اور جمہوریت سے فرار کرنے کےلئے مصری فوجیوں کے بھیانک جرائم کی حمایت اوران کی مالی مدد کررہے ہیں۔
ترک نائب وزیر اعظم نے کہا کہ عرب حکمراں ، مصر کے جمہوری نظام سے خوفزدہ تھے اور اسی لئے انھوں نے مصری فوج کی حمایت کرکے مصر میں جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا ہےعرب حکمراں اپنے اقتدار کو بچانے کے لئے مصری عوام کے قتل عام میں برابر کےشریک ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت نے مصری فوجیوں کی طرف سے اخوان المسلمین اور مصری عوام کے قتل عام کی حمایت اور مصری فوج کو اس سلسلے میں بھر پور مالی تعاون فراہم کیا مذکورہ ممالک نے مصر کی عبوری حکومت کو 12 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی۔
.......
/169